گوجرانوالہ ؛ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 3500 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف، 35000 جرمانہ عائد

27

گوجرانوالہ،08 ستمبر(اے پی پی ): مضر صحت ملاوٹی دودھ کی ترسیل کرنے والے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں، ڈیری سیفٹی ٹیم کی علی الصبح جی ٹی روڈ سادھوکی میں سخت ناکہ بندی، 3500 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف، 35000 جرمانہ عائد، موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کے مطابق دودھ میں پانی، یوریا اور فارمالین کی ملاوٹ پائی گئی۔ 3500 لٹر مضر صحت دودھ تلف کر کے مالک کو 35ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس مضر صحت دودھ کو بہاولنگر سے گوجرانوالہ سپلائی کیا جانا تھا جبکہ خفیہ اطلاع ملنے پر بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی۔

 ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ناقص دودھ کا استعمال بچوں اور بزرگوں کی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے ، معیاری دودھ کی یقینی فراہمی کے لیے چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔

انہوں نے عوام الناس سے مخاطب ہوکر کہا کہ گھر میں استعمال ہونے والے دودھ کو پنجاب فوڈ اتھارٹی دفتر سے مفت چیک کروایا جا سکتا ہے انہوں نے مزیدکہا کہ ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔