گورنر خیبرپختونخواہ سے ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ کی ملاقات

8

پشاور،12 ستمبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخواہ حاجی غلام علی سے پشاور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے منگل کو یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سمیت دو طرفہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔

گورنر نے ایرانی قونصل جنرل کو مستقل بنیادوں پر بحثیت قونصل جنرل ایران ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایران برادر ہمسایہ اسلامی ملک ہے،طرفین کے عوام محبت و عقیدت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

حاجی غلام علی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی، صحافتی، نوجوانوں اور ہنر مند خواتین کے مابین وفود کا تبادلہ ہونا چاہئے کیونکہ اس سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور کہا کہ  پاکستان اور ایران کے مابین چھوٹے اور بڑے پیمانے پر تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنا چاہئے،  جبکہ پاکستان، ایران، افغانستان، ترکی کے مابین تجارتی شعبوں میں جوائنٹ ونچر مثبت اقدام ہو گا۔

ایرانی قونصل جنرل نے  تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے گورنر کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی سمیت تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے خواہشمند ہیں۔اس مد میں پاک ایران گیس لائن منصوبہ دونوں ممالک کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، ایران کے پاکستان کے ساتھ قدیمی ثقافتی، دوستانہ تعلقات ہیں۔

ایرانی قونصل جنرل نے گورنر سے ورسک روڈ دھماکہ پر اظہار افسوس کیا، اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔