لاہور، 25 ستمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے گورنر ہائوس لاہور میں منعقدہ محفل میلاد میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تمام دنیا کے رحمت اللعالمین بن کر آئے۔ نبی آخر زماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ اور اسوہ حسنہ ہمارے لیے نجات اور رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ حضرت محمد صلی الللہ علیہ وسلم سے محبت اور عقیدت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اس وقت جب عرب دور جہالت سے گزر رہے تھے ،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی ذات مقدس سے اس ابتر ماحول کو معطر کیا۔ انہیں اللہ کا پیغام دیا اور اسلام کی تعلیمات سے روشناس کرایا۔ عورتوں، بچوں ،ہمسائیوں، غلاموں سمیت معاشرے کے ہر فرد کے حقوق بتائے۔ فتح مکہ کے موقع پر اپنے بدترین دشمنوں کو معاف کر کے اعلی ترین کردار اور عفو و درگزر کی مثال قائم کی۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل سے بہترین معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ ہمارے مذہب نے تحقیق، تجزیہ اور غورو فکر کرنے پر بہت زور دیا ہے۔ ہمارے دین میں غیر تصدیق شدہ بات پر یقین کرنے اور آگے پھیلانے سے منع کیا گیا ہے۔ تقریب میں حضور کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں ہدیہ نعت پیش کیے گئے.اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری، پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد سعیدی، مولانا شبیر احمد عثمانی، علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، پروفیسر ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس سمئت دیگر نے بھی خطاب کیا.مختلف علماء اور یونیورسٹی کے اساتذہ نے خطاب کرتے ہوئے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔











