لاہور16اکتوبر( اے پی پی ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن خالد محمود نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اوراوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ ترقی وخوشحالی کے مضبوط پارٹنر ہیں۔ سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ برطانیہ میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں،بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی لا رہے ہیں۔برطانوی رکن پارلیمنٹ خالد محمود نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپنے کام سے نام پیدا کیا ہے اوروزیراعلیٰ محسن نقوی عوامی خدمت پریقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختصر عرصے میں محسن نقوی نے کئی برس کا کام کیا ہے۔











