اسرائیلی مظالم کیخلاف مری جی پی او چوک میں احتجاجی مظاہرہ،اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلک شگاف نعرے

72

مری،13 اکتوبر(اے پی پی): پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت اسرائیلی مظالم کیخلاف مری جی پی او چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں شہر بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کثیر افراد نے شرکت کی۔ غیور شہریوں کی طرف سے احتجاجی مظاہرے میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلک شگاف نعرے لگا ئے جاتے رہے۔ مرکزی مسلم لیگ کے مظاہرے میں شریک سیاسی جماعتوں کے کارکنان، طلباء، وکلاء، تاجروں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر تحفظ قبلہ اول اور فلسطینیوں سے یکجہتی کے حوالے سے  تحریریں درج تھیں۔  اس موقع پر عثمان یعقوب  نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان فوجیں فلسطین کی آزادی کے لیے میدان میں آئیں فلسطینیوں نے راستہ دکھا کر اسرائیل کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے امیدیں وابستہ کرنا بے سود ہے۔ اسرائیل کے اقدامات سراسر دہشت گردی ہیں، معصوم بچوں کے قتل عام کی کسی قانون میں اجازت نہیں ہے۔غزہ میں پانی اور بجلی کی بندش اسرائیلی عزائم کو ظاہر کرتی ہے۔ عالمی برادری اس کا نوٹس لے۔فلسطین پر حملہ ننگی جارحیت ہے، صہیونی ریاست اسرائیل کے ناجائز قبضے کے خلاف اہل فلسطین کی جدوجہد آزادی کی جنگ ہے۔ حالیہ اسرائیلی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کو دہشت گردی قرار دینا سراسر ظلم اور نا انصافی ہے۔ فلسطین سے آئے روز اٹھنے والی لاشیں اسرائیلی جارحیت اور مظالم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ قبلہ اول کی حرمت پر ہم مر مٹنے کے لیے تیار ہیں۔ مسلم ممالک خود آگے بڑھیں اور فلسطینیوں کی جدو جہد آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

مقررین کے خطابات کے دوران شرکاء میں فلسطینی بھائیوں سے محبت کا حوالے سے جذبہ دیدنی تھا۔ مرکزی مسلم لیگ مری کے صدر عثمان یعقوب، مفتی محمد اقبال صدر علماء و مشائخ ونگ پی ایم ایم ایل، زکریا عباسی صدر اہل سنت والجماعت، دلزیب عباسی ودیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔