اوکاڑہ؛عام انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل، الیکشن کمیشن کی طرف سے حکم آئیگا تو ہمیں تیار پائیں گے،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر

11

اوکاڑہ،5 اکتوبر( اے پی پی)الیکشن کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے جیسے ہی الیکشن کمیشن کی طرف سے حکم آئے گا ہمیں تیار پائیں گے۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اوکاڑہ محمد شفیق نے ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹیز کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام اہل افراد 25 اکتوبر 2023تک اپنے ووٹ کے اندراج، اخراج، منتقلی اور شناختی کارڈ کے مطابق کوائف کی درستگی کو یقینی بنائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو ووٹ کی اہمیت کے بارے آگاہی دیں کہ ایک جمہوری ملک میں ووٹ کی کیا طاقت ہوتی ہے اور جمہوری نظام میں اس کی کیا اہمیت ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ کسی ووٹر کو حق رائے دہی سے محروم نہیں رہنا چاہیے اسی ووٹ سے عوام اور ملک کی تقدیریں بدلتی ہیں ۔

محمد شفیق نے مزید کہا کہ جو لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرتے ان کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لیے قائل کیا جائے انہوں نے کہا کہ اگر کسی ووٹر کو نیا ووٹ کے اندراج، ووٹ کو تبدیل کروانے یاکسی قسم کا کوئی رد وبدل درکار ہو تو مجھ سے رابطہ کرے لیکن اپنا ووٹ ضرور پول کریں۔