اوکاڑہ؛ “ ٹیچرز ڈے”کے موقع پر گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں“یوم تکریم اساتذہ” تقریب کا انعقاد

45

اوکاڑہ،05اکتوبر(اے پی پی)گورنمنٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ میں ٹیچر ڈے کے موقع پرایک پروقار تقریب “یوم تکریم اساتذہ کا انعقاد کیا گیا جس میں پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حمود لکھوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے استاد کی عظمت پر روشنی ڈالی اور ان کو تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تربیت کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ استاد قوم کا محسن ہے ،اس لئے استاد کی عظمت کو سلام ہے۔اس موقع پر وائس پرنسپل راو توقیرالحق بھی تشریف فرما تھے۔

” یوم تکریم اساتذہ“ کی میزبانی کے فرائض پروفیسر محمد ریاض خاں نے سر انجام دیئے،پروگرام کے انتظامات تقریبات کمیٹی اور سپورٹس کمیٹی نے کیے جن میں پروفیسر محمد ضیاء چیئرمین تقریبات کمیٹی، پروفیسر ڈاکٹر حسن رضااقبالی سیکرٹری تقریبات کمیٹی، پروفیسر راو محمد ریاض کنٹرولر سپورٹس اوردیگر اساتذہ شامل تھے۔ پروگرام میں نشرواشاعت کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر خالدجاوید مترو،سیکرٹری پروفیسر راو محمد طیب اور پروفیسر شاہ زیب ڈولہ شامل تھے۔

تقریب میں اساتذہ کوبہترین رزلٹ دکھانے، نظم ونسق کو برقرار رکھنے اور گراں قدر خدمات انجام دینے پرشیلڈز تقسیم کی گئیں۔ قبل ازیں طلباء و طالبات نے اساتذہ کو پھول پیش کیے۔پروگرام کے اختتام پر ملکی خوشحالی سلامتی اور استحکام کے لئے دعا مانگی گئی۔