اوکاڑہ یونیورسٹی میں “کیئریر کونسلنگ” کی نمائش کا انعقاد

70

اوکاڑہ،13 اکتوبر (اے پی پی): اوکاڑہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف کیئریر کونسلنگ  اور گلوبل گروپ آف ایجوکیشن کے اشتراک سے “کیئریر کونسلنگ” نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں 800 سے زائد طلباء کو مختلف ممالک کی جامعات میں اسکالرشپ اور داخلے کے حوالے سے مفید معلومات اور رہنمائی فراہم کی گئی۔

 نمائش کا اہتمام ڈائریکٹر کیئریر کونسلنگ  ڈاکٹر نسرین اختر نے کیا جب کہ اس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے کی۔ دیگر منتظمین میں ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افئیرز، ڈاکٹر امجد علی، اور سینئرانتظامی افسر، صادق امین، شامل تھے۔

 نمائش میں گلوبل گروپ آف ایجوکیشن کی ٹیم نے اوکاڑہ یونیورسٹی اور کیڈٹ کالج اوکاڑہ سے آئے ہوئے طلباء کو بیرون ملک تعلیم کے مواقع اور ان کے حصول کے متعلق رہنمائی فراہم کی۔

اس موقع پر طلباء سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نسرین نے بتایا کہ آج کی دنیا میں جامعات بین الاقوامی کمیونٹی اور کاروباری اداروں سے علیحدہ رہ کر کامیاب نہیں ہو سکتیں، طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ملازمت کے مواقعوں کے حصول میں مدد دینے کےلیے ان اداروں کے ساتھ اشتراک بے حد ضروری ہے۔