اڑھائی لاکھ سے زائد مساجد کو بچوں کی تعلیم   کیلئے استعمال کیا جاسکتا  ہے ،علماء اور آئمہ کرام اہم سماجی موضوعات پر اسلامی تعلیمات بارے لوگوں کو تعلیم دیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

22

اسلام آباد۔11اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ  ملک بھر میں  اڑھائی لاکھ سے زائد مساجد کو بچوں کو تعلیم دینے کیلئے استعمال کیا جاسکتا  ہے ،علماء اور آئمہ کرام اہم سماجی موضوعات پر اسلامی تعلیمات بارے لوگوں کو تعلیم دیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق وہ معاشرتی و سماجی ترقی میں منبر و محراب کے کردار کے حوالے سے اجلاس میں اظہارِ خیال کر رہے تھے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ، انیق احمد، پنجاب اور خیبرپختونخواکے وزراء برائے اوقاف و مذہبی امور ،    چاروں صوبوں اور آزاد جموں کشمیر  کے اوقاف و مذہبی امور محکموں کے سیکرٹریز  اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز نے شرکت کی ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے کہا کہ لوگوں کی اخلاقی تربیت، اسلامی معاشرے کی تشکیل میں منبر و محراب کا اہم کردار ہے،مساجد مقامی آبادی کو تعلیم دینے ، رابطے کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اسکولوں سے باہر27 ملین بچوں کو تعلیم دینا بہت بڑا چیلنج ہے ، 27 ملین اسکولوں سے باہر بچوں کی تعلیم کیلئے ہزاروں اسکول درکار ہوں گے ،ملک بھر میں 2.5 لاکھ سے زائد مساجد کو شرح ِ خواندگی بڑھانے کیلئے استعمال کیا جاسکتا  ہے ،فجر اور ظہر کے درمیان مساجد میں بچوں کو مذہبی تعلیم ، جدید ہنر اور تعلیم سے آراستہ کیا جا سکتا ہے،مساجد اسلامی اخلاقی اقدار کے فروغ ، لوگوں کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علماء ، خطیب اور مدارس معاشرتی اصلاح، غیبت ، عدم برداشت ، فیک نیوز جیسی سماجی برائیوں کے خاتمے کیلئے کام کریں،بڑھتی آبادی ، خواتین  کے حقوق ، بین المذاہب ہم آہنگی ، رواداری کا فروغ اہم سماجی امور ہیں، منبر و محراب اور علماء نے کورونا وبا کے دوران آگاہی پیدا کرنے  میں قابل تعریف کردار  ادا کیا، آئمہ کرام بیماریوں ، غذائی قلت  اور ذہنی و جسمانی کمزوری سمیت مختلف موضوعات پر آگاہی پیدا کر سکتے ہیں ،مساجد میں مذہبی ، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں   سے مقامی آبادی سے روابط مزید مضبوط ہوں گے ۔اجلاس میں شرکاء نے اہم قومی  اور سماجی  موضوعات پر تعلیم دینے میں علماء کے کردار کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔