اوکاڑہ،11 اکتوبر( اے پی پی ): بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور اسرائیل کے فلسطین پر غاصبانہ قبضے نے نہتے فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کچل کر رکھ دیے ہیں ، حالیہ پر تشدد واقعات اور جنگی ماحول کے تناظر میں امت مسلمہ نہتے بے گناہ فلسطینی بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتی ہے اور اسرائیل کے مکروہ عزائم کی پر زور مذمت کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) منصور امان بھی موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) منصور امان نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے ضلعی امن کمیٹی نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے بین المذاہب اور بین المسالک معاملا ت کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھانے میں اراکین کمیٹی نے جس انداز سے اپنی خدمات پیش کی ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور دیگر مقررین نے کہا کہ علمائے کرام نے بیت المقدس کی مذہبی اہمیت و روحانی عقیدت اور اسرائیلی فوج کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم اور قتل عام کو بیان کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مسلمانوں کے دل نہتے فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم بھرپور انداز میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیں چاہیے کہ اسرائیلی انتہا پسندی کے خلاف پر امن رہتے ہوئے نہتے فلسطینیوں کی آواز بنیں اور ہمارا یہ فرض ہے کہ اس موقع پر پرامن رہیں اور امن و امان کی فضا کو بحال رکھیں اور شر انگیزی سے پرہیز کریں، اس موقع پر فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شہدائے فلسطین کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر صاحبان ،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال ، ممبران امن کمیٹی قاضی اسلم اوکاڑوی، رائے احمد حسن ،حبیب اللہ چوراہی ،مولانا عبد المنان عثمانی ،ظفر اللہ قمر لکھوی ،سید کوثر رضوی ،صداقت بھٹی ،سید افضال حیدر ،محمد اسلم ،امیر حسین شاہ ،مولوی حسن صدیقی ،قاری حفیظ اللہ بلوچ ،قاری محمد اسلم سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











