کوئٹہ، 12 اکتوبر(اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اقلیتوں کو مثالی تحفظ حاصل ہے اور صوبے میں صدیوں سے آباد اقلیتں غم و خوشی کے لمحات میں تمام مقامی قبائل کے ساتھ برابر کی شریک رہتی ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ سے جمعرات کو یہاں شوکت سٹیفن کی قیادت میں مسیحی برادری کے وفد نے ملاقات کی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کے تحفظ اور تعمیر و مرمت کے لئے بجٹ میں فنڈز مختص ہیں اور پبلک سروس کمیشن میں مشتہر ہونے والی تمام آسامیوں سمیت تمام محکموں میں اقلیتیوں کا کوٹہ مختص ہے انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت اقلیتوں کے مسائل کرنے کے لئے سنجیدہ ہے تاکہ صوبے میں مثالی بین المذاہب ہم آہنگی قائم رہے۔











