پشاور،10 اکتوبر(اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ جاپان ، خیبرپختونخوا بالخصوص ضم اضلاع میں تعلیم و صحت کے منصوبوں میں مزید تعاون کرے، کیونکہ موجود صورتحال میں ضم اضلاع کے نوجوانوں کو تعلیم کی تمام سہولیات فراہم کرنا اشد ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے نے منگل کو یہاں گورنر ہاؤس میں ان سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعاون، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خیبر پختونخوا میں تعلیم، زراعت، معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں مقیم افغان شہریوں کی باعزت واپسی سے متعلق امور بھی زیر بحث رہے۔
ملاقات کے دوران گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ جاپان حکومت کے خیبر پختونخوا میں جائیکا کے زیر انتظام منصوبوں کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ جاپانی سفیر نے گورنر کو جائیکا کے زیر انتظام صوبہ میں بعض منصوبوں میں حائل رکاوٹوں سے متعلق بھی آگاہ کیا اور مذکورہ منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ حکام کیساتھ اجلاس منعقد کرنے فیصلہ کیا۔
گورنر نے کوہاٹ ٹنل، غازی بروتھا ڈیم، قدرتی آفات میں امدادی منصوبوں پر جاپان حکومت کے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جاپان سمیت تمام دوست ممالک کے شہریوں کو وفاق و صوبائی حکومتیں مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہیں۔
اس موقع پر جاپانی سفیر نے پہلی مرتبہ پشاور کے دورے کے دوران گورنر خیبر پختونخوا کیجانب سے کی گئی مہمان نوازی کا شکریہ بھی ادا کیا۔











