ملتان 17اکتوبر(اے پی پی )؛ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے محکمہ سول ڈیفنس کی فیلڈ فورس کی استعداد کار بڑھانے کا حکم جاری کیا ہے اس سلسلے میں سول ڈیفنس اہلکاروں کو کسی بھی صورتحال میں بہتر کارکردگی دکھانے کیلئے جدید خطوط پر تربیت دینے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب،کورونا اور دیگر قدرتی آفت و سرکاری مہمات میں سول ڈیفنس کے اہلکاروں کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمہ سول ڈیفنس آفس کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا طارق وحید اور سول ڈیفنس آفسیر فاطمہ بی بی نے بریفننگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے بم ڈسپوزل سکواڈ،فائر سیفٹی ٹیموں اور سٹور کی انسپکشن بھی کی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ جنگ ہو یا امن ہر صورت حال میں سول ڈیفنس کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ موجود امن و امان کی صورتحال میں سول ڈیفنس محکمے کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے۔سول ڈیفنس اہکاروں کے یونیفارم ،تنخواہوں اور مراعات کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے حکم دیا کہ پروٹول ڈیوٹیاں ختم کرکے سول ڈیفنس اہلکاروں کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تربیت دی جائے جبکہ کمرشل عمارات و دفاتر میں فائر سیفٹی کی تربیتی کورسز کا انعقاد کیا جائے۔رضوان قدیر کو بریفنگ دیتے ہوئے سول ڈیفنس آفیسر فاطمہ بی بی نے کہا کہ سول ڈیفنس اہلکاروں کی یومیہ اجرت دگنی کردی گئی ہے جبکہ فائر سیفٹی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ پر بھی خصوصی فوکس ہے۔











