جیلوں میں قیدیوں کو بہتر ین سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب

24

 

ملتان، 24 اکتوبر (اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب   کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا  کہ حکومت کی ہدایت پر جیلوں کی صورتحال بہتر بنانے اور قیدیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے  ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب مقصودالحسن کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا۔ دونوں افسران نے جیل میں سکیورٹی انتظامات اور مرکزی کنٹرول کا جائزہ لیا،کچن کا دورہ  کیا اور کھانے کا معیار چیک کیا۔افسران نے جیل ہسپتال کا بھی دورہ کیا ، وہاں مریض قیدیوں کی عیادت کی اوران سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے دریافت کیا۔اے سی ایس اور ایڈیشنل آئی جی  نے لائبر یری اور قیدیوں کے لئے قائم پی سی او کا بھی معائنہ کیا ۔افسران  قیدیوں سے بھی ملے اور ان کے مسائل دریافت کئے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے کہا کہ حکومت جیلوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے،جیلوں میں بجلی کے پنکھوں کی دستیابی، معیاری کھانے اور پینےکےصاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے،جیلوں میں بہترماحول کے قیدیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے،جیلوں میں بہتر  ماحول کی فراہمی کا مقصد قیدیوں کی اصلاح کرنا  ہے ۔ثاقب ظفر نے ڈسٹرکٹ جیل میں سہولیات ، صفائی کے معیار اور سکیورٹی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس دوران ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے کہا کہ جیل میں سکیورٹی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں  کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کو دینی اور دنیاوی تعلیم کی فراہمی انتہائی احسن اقدام ہے، قیدیوں کے ساتھ بہترین رویہ اختیار کرنے سے ان کی اصلاح ہوگی، قیدیوں کی اصلاح کا مقصد رہائی کے بعد انہیں معاشرے کا بہترین فرد بنانا ہے۔سپرنٹنڈنٹ جیل نوید اشرف نے بریفنگ میں بتایا  کہ ڈسٹرکٹ جیل کی سکیورٹی کے لئے122 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں،جیل کی سکیورٹی کا نظام کیمروں اور سافٹ وئیر سے منسلک ہے،جیل میں قیدیوں کے کھانے کا بہترین معیار برقرار رکھا گیا ہے۔