حب اکنامک زون میں صنعتکاروں کیلئے سیفٹی سیکیورٹی کا جدید ترین میکانزم بنایا جارہا ہے؛ ایم ڈی لیڈا کی صوبائی نگران وزیر کو بریفننگ

56

حب،2 اکتوبر ( اے پی پی):ضلع حب بلوچستان کی صنعتی ترقی کا گیٹ وے ہے، اسپیشل اکنامک زون میں صنعتکاروں کیلئے سیفٹی سیکیورٹی کا جدید ترین میکانزم بنایا جارہا ہے۔

 یہ بات ایم ڈی لیڈا فرید محمد حسنی نے  نگران صوبائی وزیرانڈسٹریز پرنس احمد علی احمدزی کو بریفنگ میں بتائی۔ایم ڈی لیڈا نے پراحیکٹ کے حوالے سے بتایا حب اسپیشل اکنامک زون تین ارب کی لاگت سے صنعتی ترقی کا اہم منصوبہ ہے،منصوبے کیلئے دوارب وفاقی حکومت اورایک ارب روپے حکومت بلوچستان مہیا کررہی ہے، حب اسپیشل اکنامک زون پراجیکٹ کے تحت ترجیحی بنیادوں پر روڈ نیٹ ورک اوردیگرترقیاتی کام ہو رہے ہیں جو بلاتعطل جاری ہیں۔

نگران صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حب اسپیشل اکنامک زون کیلئے 400ایکڑ سے زائد انڈسٹریل زون کیلئے اراضی حاصل کرلی گئی ہے، منصوبے کے تحت جدیدترین فائربریگیڈاسٹیشن، ٹیکنیکل سینٹر، ہیلتھ کیئر سینٹر، پولیس اسٹیشن سینٹر بنایا جارہا ہے۔

ایم ڈی لیڈا فرید محمد حسنی نے بتایا کہ منصوبے پر ابتک 558ملین لاگت کے ترقیاتی کام ہوچکے ہیں۔

اس موقع پر نگران صوبائی وزیر نے لیڈا منیجمنٹ اورکنسلٹنٹ کو ہدایت جاری کیں اور کہا کہ اسپیشل اکنامک زون کی ضروریات کیمطابق پانی، بجلی اورگیس سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح رکھی جائے، واٹرٹریٹمنٹ پلان، ہیلتھ کیئراوراسکول قیام بھی  منصوبے میں شامل کیا جائے۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بڑے پیمانے پر صنعتی یونٹوں کے قیام سے قبل  واٹرٹریٹمنٹ پلان، ہیلتھ کیئراوراسکول قیام کے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔

بعدازاں نگران صوبائی وزیر اورسیکرٹری انڈسٹریز نے لیڈا انڈسٹریل زون کے توسیعی منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور ترقیاتی کاموں کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے انجینئرنگ سیکشن کو متحرک رہنے کے احکامات جاری کیں۔

 نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ کام کرنے والے محنتی افسران کی ہرممکن حوصلہ افزائی کرینگے۔انہوں نے کہا کہ ضلع حب اور ضلع لسبیلہ کی صنعتی ترقی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے وہ اپنا کلیدی کردار اداکرینگے۔