مری، 03 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیرڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ موسم سرما میں سیاحوں کی بہت بڑی تعداد ملک بھر سے مری آتی ہے کیونکہ یہ سیاحت کا مرکز ہے ۔یہاں پر کسی قسم کی انتظامی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ٹریفک منیجمنٹ پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ مقررہ تعداد کے بعد مری میں مزید گاڑیوں کو داخل نہ ہونے دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لیے وقت سے پہلے انتظامیہ کی جانب سے انتظامات اور اقدامات کیے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس میں کیا۔صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر ہمراہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت جناح ہال مری میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنرراولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ مری انتظامیہ موسم سرما اور برف باری کے موسم میں سیاحوں کے لیے تمام حفاظتی اقدامات اور انتظامات 15 نومبر تک مکمل کرے۔ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عمل درآمد کے لیے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس منظم حکمت عملی مرتب کریں۔ مری میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے۔نئی تعمیرات پر مکمل پابندی عائد ہے۔پلاسٹک بیگ کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی ہے ۔محکمہ ٹورازم ہوٹلوں کی رجسٹریشن کو 15 نومبر تک سو فیصد یقینی بنائے۔مال روڈ پر کوڑا اٹھانے والی گاڑیاں موجود ہونی چاہیے ۔ اربن یونٹ اور آر ڈی اے کے ساتھ مل کر ماسٹر پلان پر عمل کیا جائے ۔ محکمہ جنگلات جاگنگ ٹریک پر صفائی کو یقینی بنائیں اور میونسپل کارپوریشن مری سی سی ٹی وی کیمروں کو مکمل طور پر فعال رکھے ۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موسم سرما کی آمد اور برفباری کے پیش نظر تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو ایف ایم ریڈیو کے ذریعے مری میں موسم کی صورتحال، پارکنگ کے حوالے سے تفصیلات، ہوٹل کی بکنگ اور رش کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔ٹریفک کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لےٹریفک پولیس ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عمل کرے گی۔محکمہ جنگلات، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ،سول ڈیفنس،ریسکو 1122، ٹورازم سکواڈ کے اہلکارسیاحوں کی راہنمائی اور مدد کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں گے۔سیاحوں کے لیے مری میں مختلف مقامات پر سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے۔ میونسپل کارپوریشن کی طرف سے مختلف مقامات پر کیمروں کے ذریعے نگرانی بھی کی جائے گی ۔مری میں چار مختلف راستوں پر بائی پاس بنائے جا رہے ہیں- تمام ہوٹلوں کی رجسٹریشن کا ریکارڈ حاصل کیاگیا ہے ۔راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر کیا جائے گا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی، اے ڈی سی آر مری کیپٹن (ر) قاسم اعجاز،اسسٹنٹ کمشنر مری کامران صغیر،سی ٹی او راولپنڈی تیمور خان، محکمہ جنگلات، ہائی وے،ٹورازم’ پولیس، ریسکو 1122، سول ڈیفنس ،ٹریفک پولیس،صحت،تعلیم سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











