رسولﷺسے محبت ایمان کی اولین  شرط ہے  ،وائس چانسلرویمن یونیورسٹی ملتان

51

ملتان۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):وائس چانسلرویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا ہے کہ  رسولؐ سے محبت ایمان کی اولین  شرط ہے جس کی تکمیل ذکر مصطفیؐ کے بغیر ممکن نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انہوں نے ویمن یونیورسٹی ملتان میں شعبہ اسلامیات اورڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈٹنس افیئر کے زیراہتمام محفل میلاد سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔محفل میلاد کا آغازتلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ۔

 انہوں نے کہا کہ جشن عید  میلاد النبیﷺ   منانا مستحسن اورجائزعمل ہے بلکہ مادہ پرستی کے اس دور میں مسلمانوں کے دلوں میں محبتؐ  کو فروغ دینے کا انتہائی موثر نسخہ ہے، جس کی آج امت مسلمہ کو ضرورت ہے۔ہم پرلازم ہے کہ ہم اپنی روزمرہ  زندگی میں نبی کریمؐ کی  اقدار کو قائم کریں اورایسے ماحول کو فروغ دیں جہاں ہرفرد کی عزت اور حقوق محفوظ ہوں۔

ترجمان ویمن یونیورسٹی  کے مطابق   محفل میلادؐ میں حضور نبی اکرمؐ  کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کرنے والوں میں ڈاکٹرسارہ مصدق، ڈاکٹرعائشہ خان، ڈاکٹررائمہ نذر،لیکچررسعدیہ طالب ، فرزانہ سلمان اور طالبات شامل تھیں۔

محفل کے آخر میں تمام شرکاء نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر تمام امت مسلمہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی اور شرکا میں نیاز تقسیم کی گئی محفل میلاد میں تمام شعبوں کی چیئرپرسنز، اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔