سانگھڑ ، 26 اکتوبر (اے پی پی) : ضلعی انتظامیہ سانگھڑ کی جانب سے شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی کیمپس سانگھڑ میں مذہبی ہم آہنگی کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، مذہبی سکالرز اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے رہنماوں نے شرکت کی اور کہا کہ تمام مذاہب کے احترام سے ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہیے جس سے ہم معاشرے میں بھائی چارے اور امن کو فروغ دے سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے کہا کہ سندھ حکومت مذہبی ہم آہنگی پر کام کر رہی ہے جو اس وقت پاکستان کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ملک میں اقلیتوں کو مکمل حقوق اور تحفظ حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ تمام مذاہب کے افراد اپنا کردار ادا کریں، ہماری کوشش ہے کہ تمام مذاہب کو ساتھ لے کر چلیں، اے سی سانگھڑ فہد اعجاز نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی افراد میں تفریق کو دور کرکے قربت پیدا کرتی ہے، ڈی ایس پی ہالار چانڈیو نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ محفوظ ہیں اور جہاں بھی کوئی واقعہ ہوتا ہے تو پورا ملک متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔
چیئرمین میونسپل کمیٹی سانگھڑ راشد اسلام مغل نے کہا کہ اسلام نے انسانیت کا درس دیا ہے اور تمام مذاہب کے لوگوں کو مل جل کر پیار اور بھائی چارے سے رہنا چاہیے۔
ہندو کونسل کے رہنما راجیش کمار ہرداسانی نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے اس سیمینار کے انعقاد سے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی پوری کوشش کی ہے، مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے پاکستان ایک پھولوں کے گلدستے کی مانند ہے جہاں تمام مذاہب کے لوگ محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں۔ یونیورسٹی کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منصور احمد کھوڑو نے کہا کہ مذاہب کا احترام کرنا ہمارا فرض ہے اور اسلام بھی ہمیں یہی سکھاتا ہے کہ انتہا پسندی کا خاتمہ کیا جائے اور ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ محبت سے رہنا چاہیے۔
مسیحی رہنما نذیر مسیح نے کہا کہ پاکستان میں مذہب کا کوئی فرق نہیں ہے اور ہر مذہب کے لوگوں نے مسیحی برادری کو بہت پیار دیا ہے، مذہبی رہنما عبدالغفور نے کہا کہ انسانیت کے ناطے تمام فردوں سے محبت کرنی چاہیے اور کسی سے بھی نفرت نہیں کرنی چاہئے، سول سوسائٹی کے سابق حاجی یامین قریشی نے کہا کہ سانگھڑ میں ہمیشہ مذہبوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے اور تمام مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے۔ سیمینار میں سول سوسائٹی کے نمائندوں اور یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔











