لاہور، 26 اکتوبر(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان میں خواتین کے حقوق بارے قوانین پر سو فیصد عملدرآمد کروایا جانا چاہئے ۔
جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ اللہ پاک نے ماں کے قدموں تلے جنت رکھی ہے، دین اسلام سے پہلے عرب میں عورت کی تذلیل ہوتی تھی، دین اسلام نے عورت کو بہت عزت دی ہے،ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت ہونے پر فخر ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ دنیا مچھر کے پر کے برابر بھی نہیں ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ بیٹی ماں باپ کی انگلی پکڑ کر جنت میں لے جائے گی۔
پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ سوشل ورک کبھی بھی محدود نہیں ہونا چاہئے، خدمت انسانیت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی جانب سے مجھے خواتین کے حقوق بارے قوانین کے حوالہ سے کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں عورت کو جسمانی سے زیادہ ذہنی اذیت سے گزرنا پڑتا ہے، بہترین اور حساس موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر انتظامیہ کو شاباش دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بدقسمتی کے ساتھ صرف ایک فیصد زمین کی ملکیت خواتین کے نام پر ہے،ہمارے معاشرے میں خواتین کو ان کا اصل مقام دینا ہوگا۔
اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین، سیکرٹری محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ سمیرا صمد، ڈی جی مدثر ریاض ملک، صالحہ رامے، حیاء زاہد، ڈاکٹر سمیہ، خاور ممتاز، خدیجہ علی، ڈی سی سرگودھا، ڈی سی جہلم، ڈی سی لودھراں و دیگر افسران نے شرکت کی۔











