ساہیوال؛ریسکیو1122 کا 8 اکتوبرزلزلے میں جاں بحق وزخمی ہونیوالوں کی یاد میں “نیشنل ڈیزاسٹر ڈے” منایا

33

ساہیوال،8 اکتوبر( اے پی پی):ریسکیو1122نے 8اکتوبر 2005کے زلزلے میں زخمی اورجاں بحق ہونے والے لوگوں کی یاد میں“نیشنل ڈیزاسٹر ڈے” اس عزم سے منایا کہ عوام کے اندریہ احساس اجاگر ہوکہ حادثات سے نبرد آزما ہونے کے لیے قبل از وقت تیاری انتہائی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں سنٹرل اسٹیشن ریسکیو1122ساہیوال میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد عبداللہ نے کی۔

اس قدرتی آفت میں جانی اور مالی نقصان اٹھانے والوں کے ساتھ احساس ہمدردی کے ساتھ ساتھ شہید ہونے والوں کو دعاوں کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ بعد ازاں ایک مرکزی واک کا انعقاد کیا گیا۔جس میں دیگر اداروں کے سینئر افسران کی کثیر تعداد، طلبہ اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب کے شرکاءکو حادثات سے نمٹنے کے لیے بہتر تیاری اور منصوبہ بندی کے متعلق آگاہی دی گی،اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد عبداللہ نے کیمونٹی سیفٹی ونگ کو سکولز میں اساتذہ اور یونین کونسل کے ساتھ ساتھ سٹوڈنٹس کو بھی عملی ٹریننگ دینے کے احکامات دیئے تاکہ ایک محفوظ معاشرے کے قیام کی تکمیل کی جا سکے۔