ساہیوال،21 اکتوبر( اے پی پی ): وفاقی حکومت کی طرف سے غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو ان کے متعلقہ ملکوں کو ڈی پورٹ کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈویژن میں رہنے والے ایسے افراد کی تعداد251ہے جن میں 110ضلع ساہیوال، 71ضلع اوکاڑہ اور70ضلع پاک پتن میں ہیں۔ ان میں بغیر کسی دستاویز کے رہائش پذیر غیر ملکی افراد کے ساتھ ساتھ مقررہ معیاد سے زائد رہنے والے افراد کو بھی ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ کمشنر آفس میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی جبکہ آر پی او محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف، سعدیہ مہراور ڈی پی اوز ساہیوال فیصل شہزاد،اوکاڑہ کیپٹن (ر) منصور امان، پاکپتن طارق ولائیت اور اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت متعلقہ اداروں کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ 31اکتوبر کے بعد ان251افراد کو عارضی رہائش فراہم کرنے کے بھی انتظامات مکمل کر لئے جائیں۔











