پشاور، 27اکتوبر(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر اطلاعات و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ دن تھا جب بھارتی فورسز جموں و کشمیر پر قبضہ کرنے کیلئے سری نگر میں داخل ہوئیں اور آج تک نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر کا سلسلہ تھم نہ سکا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم سیاہ کی مناسبت سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اپنے ایک وڈیو پیغام میں کیا۔اپنے پیغام میں نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کی عوام کا بنیادی حق ہے اور ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
نگران صوبائی وزیر اطلاعات و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے کیونکہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے اور اس کے بغیرخطے میں دیر پاامن کا قیام ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔
اُنہوں نے کہاکہ انشاء اللہ کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی اور کشمیر میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔بھارتی افواج نے کشمیری عوام پرجس ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ہم ہر سطح پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے باوجود وہاں کی عوام جذبہ ایمانی سے سرشار ہیں اور کشمیر کی آزادی کے ساتھ ساتھ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے بھرپور طریقے سے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہوگی۔











