اسلام آباد میں شدید بارش کے بعد سی ڈی اے اور انتظامیہ کی بروقت کارروائی، سڑکیں اور انڈرپاسز مکمل کلیئر

9

اسلام آباد، 04 ستمبر (اے پی پی): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حالیہ شدید بارش کے دوران شہریوں کو نکاسیٔ آب اور ٹریفک کی مشکلات سے فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے سی ڈی اے، ایم سی آئی اور اسلام آباد انتظامیہ کی تمام فیلڈ ٹیمیں مکمل طور پر متحرک رہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کے وژن اور چیئرمین سی ڈی اے کی قیادت میں سی ڈی اے اور ایم سی آئی نے بارش کے دوران شہر کے تمام علاقوں، نشیبی مقامات، انڈرپاسز اور اہم شاہراہوں کی مسلسل نگرانی کی۔ جہاں کہیں بارش کا پانی جمع ہوا، وہاں ڈی واٹرنگ آپریشن فوری طور پر شروع کیا گیا اور متاثرہ مقامات سے منٹوں میں پانی نکال کر ٹریفک کی روانی بحال کی گئی، جس کے نتیجے میں شہریوں کو کم سے کم وقت میں ریلیف ملا اور معمولاتِ زندگی بحال ہوئے۔

سی ڈی اے، ایم سی آئی اور اسلام آباد انتظامیہ کی فیلڈ ٹیموں کی بروقت کارروائی کا بنیادی مقصد پانی کی فوری نکاسی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ شہری زندگی کو معمول پر لانا تھا۔ اس بروقت اور مربوط کارروائی پر چیئرمین سی ڈی اے اور ان کی پوری ٹیم خراجِ تحسین کی مستحق ہے، جو شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور اسلام آباد کو ایک مثالی دارالحکومت بنانے کے لیے مسلسل مصروفِ عمل ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سی ڈی اے کا ساتھ دیتے ہوئے اپنے گھروں، گلیوں، بازاروں اور سڑکوں کو صاف رکھیں، نالوں اور ڈرینز میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں، شجرکاری اور سبزے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں اور صفائی کے اصولوں پر عمل کریں تاکہ اسلام آباد کو مزید صاف، سرسبز، خوبصورت، ماحول دوست اور سیاح دوست بنایا جا سکے۔

اسلام آباد صرف پاکستان کا دارالحکومت ہی نہیں بلکہ یہ پاکستان کا چہرہ، فخر اور شناخت ہے۔ آج ہمارا مثبت کردار ہی ایک بہتر اسلام آباد کی بنیاد بنے گا، جو نہ صرف پاکستان کا فخر ہو بلکہ دنیا کے بہترین، صاف، سرسبز اور ماڈل دارالحکومتوں میں شمار ہو۔