یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر کشمیری نوجوانوں کا شہداء اور غازیوں کو سلام، وطن کی سلامتی کے عزم کا اعادہ

6

مظفرآباد، 04 ستمبر (اے پی پی): یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں نے وطن کی سلامتی، خودمختاری اور قومی اتحاد کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

آزاد کشمیر کے نوجوانوں نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم، کردار، نظم و ضبط اور قومی اتحاد کے ذریعے دشمن کے گمراہ کن پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ نوجوانوں کا کہنا تھا کہ ستمبر 1965ء کی جنگ میں لاہور سے چونڈہ تک قوم اور مسلح افواج نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، جبکہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید سمیت تمام شہداء کی قربانیاں نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں کشمیر کے محاذ پر پاک فوج کے جوانوں نے بے مثال شجاعت کی تاریخ رقم کی۔ نوجوانوں نے بھارتی پراکسیز اور فتنہ پرور عناصر کے خلاف ڈٹ جانے والے پاک فوج کے جوانوں کو بھی زبردست سلامِ عقیدت پیش کیا۔

کشمیری نوجوانوں کے مطابق معرکۂ 65 نے ثابت کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع پر کبھی کوئی سمجھوتہ یا دباؤ قبول نہیں کرتا۔ انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مشترکہ دفاعی معاہدے کو باہمی سلامتی اور اسلامی اخوت کے عزم کا عکاس قرار دیا۔

آزاد کشمیر کے نوجوانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دشمن کی جانب سے پھیلائے جانے والے گمراہ کن پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیں گے اور قومی اتحاد و سالمیت کو مزید مضبوط بنائیں گے۔