ملتان،06اکتوبر(اے پی پی):شہر کو سر سبز و شاداب بنانا اور سیوریج مسائل اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔درختوں کی شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے انکار ممکن نہیں جنوبی پنجاب میں سیوریج نظام کی بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کئے جائیں گے۔
ان خیا لات کا اظہار سیکرٹری ہاؤسنگ طارق محمود بخاری نے زکریا پارک میں درخت لگانے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے پارکوں اور گرین بیلٹس پر شجر کاری نا گزیر ہے،آلودگی کے خاتمے کے لیے درختوں کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں،شہر کو سر سبز و شاداب بنانا اور سیوریج کے نظام کو بہتر کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔جنوبی پنجاب کے دور افتادہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائیں گے۔
ڈی جی پی ایچ اے ملتان آصف رؤف خان نے کہا ہے کہ شہر کی گرین بیلٹس اور پارکوں پر شجرکاری جاری ہے۔پودوں کو پانی کی مناسب فراہمی کا عمل بھی جاری ہے پانی کی فراہمی کے لیئے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔گل داؤدی کی نمائش کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے پودہ لگایا اور ملکی سلامتی کے لیے دعا کی۔اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے ملتان آصف رؤف خان،ڈائریکٹر ایڈمن محمد اختر منڈھیرا اور پی ایچ اے کے ڈائریکٹرز موجود تھے۔











