صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بلال افضل کی زیر صدارت کی پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب کی پراجیکٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس

41

لاہور،12اکتوبر ( اے پی پی ): صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بلال افضل کی زیر صدارت پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب کی پراجیکٹ ریویو کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں نظرثانی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں دو نکاتی ایجنڈا اٹیمز زیر بحث آۓ۔  ڈائریکٹر پراجیکٹس شعیب افتخار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے منصوبے میں 39.2کلو میٹر طویل ملتان ٹبہ سلطان پور روڈ کی دو طرفہ تعمیر کے لئے  12ارب 76کروڑ 80لاکھ روپے جبکہ دوسرے منصوبے میں67 کلو میٹر طویل فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا روڈ کی دو طرفہ تعمیر کے لئے 25 ارب 99 کروڑ 50لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ یہ منصوبےپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کئے جائیں گے۔اجلاس میںدونوں پراجیکٹس کے مجوزہ میکنزم پر تفصیلاً غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بلال افضل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان پراجیکٹس میں عوامی مفاد و سہولت کو پیش نظر رکھنے اورمنصوبوں کی بر وقت تکمیل و ٹائم لائن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ پراجیکٹس کی قانونی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد ہی قابل عمل بنایا جائے اور اس بات کو مدنظر رکھا جائے کہ حکومت کو کم سے کم رسک کا سامنا کرنا پڑے۔صوبائی وزیر بلال افضل نے مزید کہا کہ حال ہی میں وزیر اعلی پنجاب نے لاہور کی سٹرکوں کی تعمیر و بحالی کے لئے ایک خطیر رقم مختص کرنے کی منظوری دی ہے۔ اجلاس میں ممبر پی پی علی ارشد کے علاوہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس اورفنانس ڈیپارٹمنٹ  کے نمائندوں نے شرکت کی۔