فیصل آباد؛  کشمیر پر غاصبانہ بھارتی قبضہ کے 76 سال مکمل ہونے تقریب وریلی ، مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی  کی گئی

23

فیصل آباد،27 اکتوبر(اے پی پی):کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیااورغاصبانہ بھارتی قبضہ کے 76 سال مکمل ہونے پر ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم اور بعض دیگر اداروں کے اشتراک سے جناح ہال ضلع کونسل میں احتجاجی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نیئر شیخ،سی پی اومحمد علی ضیا، سی ای اوایجوکیشن کاشف ضیا،سی ٹی او مقصود احمد لون،اے سی صدر واے سی سٹی سمیت دیگرتمام سرکاری محکموں کے حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پرضلع کونسل سے کچہری بازار چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں پی ایچ اے،ریسکیو 1122،این جی اوز،اساتذہ اور طلبا،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، سول ڈیفنس اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر و دیگر مقررین نے کہا کہ ہم سب1947کو کشمیر پر مارے جانے والے شب خون کے سلسلہ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا یوم سیاہ انسانی تاریخ کا ایک المناک باب ہے،1947 میں بھارت نے غیر قانونی طور پر ریاست جموں و کشمیر پر قبضہ کر لیامگرکئی عشروں سے جاری مظالم کے باوجود بھارت کشمیر کے عوام کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکا ہے،مودی سرکار نے مقبوضہ وادی کی قانونی حیثیت تبدیل کرکے عالمی قوانین کوروندا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کودنیا کی بڑی جیل بنادیا ہے لیکن اس سلسلہ میں عالمی برادری کی تنازعہ کشمیر پرخاموشی مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے،بین الاقوامی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور غیر انسانی سلوک کا نوٹس لے،بھارت کا نام نہاد جمہوریت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کررہے ہیں اورپوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم بحیثیت قوم بھارت کے غیر قانونی قبضے کی مذمت اور کشمیریوں کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں جبکہ ہر پاکستانی کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشا اللہ کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی اور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہیں لہٰذاکشمیریوں پر بھارتی ظلم وستم، وحشیانہ جبر و تشدد کے خلاف ہم ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے،پاکستانی قوم کا ہر فرد کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہونے تک کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے جبکہ کشمیر میں بہنے والا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم فلسطین کی طرح کشمیریوں کی جدوجہد کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کی شہادت اس بات کی دلیل ہے کہ کشمیریوں نے کبھی کسی بھی حال میں بھارت کے ناجائز قبضے کو تسلیم نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت فلسطین کے بہادر اور غیور مسلمانوں نے دنیا کی ناجائز ترین ریاست اسرائیل کے ظلم وستم کے آگے جس جرات اور بہادری سے مقابلہ کیا اور کرتے ہوئے شہادتوں کی لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں اسی طرح کشمیریوں نے بھی لازوال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ27اکتوبر 1947کو برطانیہ اور نہرو کی ایک سازش کے تحت 75لاکھ میں بیوقوف سکھ حکمران سے کشمیریوں کو خرید لیاگیا جسے الحاق کا نام دیاگیامگرکشمیریوں نے آج تک اس الحاق کو قبول نہیں کیا اور مسلسل آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ میں متعدد قراردادوں میں حق رائے دہی کا وعدہ کیا لیکن وہ وعدہ ہی کیا جو پورا ہوجائے،مسلمانوں کے خلاف جو بھی آج تک قتل عام ہوا ہے اسکو اقوام متحدہ کی چھتری حاصل رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ طلبا ہماری آنے والی نسل ہیں جن کو مسئلہ کشمیر کاادراک ہونا چاہیے کیونکہ یہی آگے چل کر سیاستدان،جج،انجینئر، ڈاکٹر اور آفیسرز بنیں گے۔انہوں نے کہاکہ طلبا کو چاہیے کہ وہ انٹر نیٹ پر ریسرچ کریں کہ کشمیر کی تاریخ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت، وزارت خارجہ،ایجنسیوں،فوج اور عوام نے کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن 27اکتوبر کی بربریت کو یاد کرنا ہو گاجبکہ اب تو کشمیر کا سپیشل ا سٹیٹس بھی واپس لے لیا گیا ہے لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم کشمیر کیلئے زبان اور قلم سے جو بھی کر سکتے ہیں کریں۔

انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر1947کو بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کشمیر پرغاصبانہ فوجی قبضہ کیا اور مسلمانان کشمیر پر بھارتی ظلم و ستم، وحشیانہ تشدد اور ریاستی دہشت گردی کے بدترین سلسلے کا آغاز ہواجو آج تک جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں طویل عرصہ سے کر فیوجیسی صورتحال جاری ہے جس سے کشمیری عوام کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا ہر شہری مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اورہم کشمیر کی آزادی تک ان کی حمایت میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے جبکہ اس سلسلہ میں عالمی اداروں کو مؤثرکردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم چٹان کی طرح متحد ہے جو کہ کشمیر کی آزادی کیلئے واضح پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر ی عوام کے حق خود ارادیت کو مظالم کے ذریعے نہیں دبا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مسلم بچوں،خواتین اور بوڑھوں پر بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم اورقتل عام افسوسناک ہے جسے فوری بند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا پیارا وطن پاکستان کلمے کے نام پر حاصل کیا گیالہٰذا جب تک پاکستان ہے ہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ فلسطین سمیت دنیامیں جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم و ستم ڈھایا جارہا ہے اس کے بارے میں بھی آواز اٹھا نی چاہئے۔

اس دوران بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف،کشمیر بنے گا پاکستان،آزادی کشمیر ناگزیر کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔تقریب کے اختتام پر کشمیروفلسطین کی آزادی اور ملک و قوم کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔