محکمہ سوشل ویلفئیر کے زیر اہتمام صنعت زار ایکسپو کی اختتامی تقریب کا انعقاد

37

لاہور۔03 اکتوبر(اے پی پی): محکمہ سوشل ویلفئیر کے زیر اہتمام صنعت زار ایکسپو کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تین روز تک جاری رہنے والی نمائش میں متوسط طبقے کی خواتین کی تیارکردہ مصنوعات پیش کی گئیں۔اس تقریب میں نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم مہمان خصوصی تھے اور سیکرٹری سوشل ویلفیئر ظہورحسین اور ڈی جی مدثر ریاض ملک بھی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب میں معذوری کا سامنا کرنے والے افراد، ماڈل چلڈرن ہومز کے بچوں نے خصوصی شرکت کی۔صنعت زار اور قصرِ بہبود سے منسلک خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے شِیروز ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔ڈی جی سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال مدثر ریاض ملک نے اپنے خطاب کے دوران ایکسپو سینٹر میں منعقدہ ویکس نیٹ نمائش 2023 کی کامیابیوں کی تفصیلات بیان کیں۔نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر ویکس نیٹ نمائش 2023 کے درمیان نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈائریکٹرز کو ایوارڈز تقسیم کئے۔

نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صنعت زار ایکسپو کی کامیابی پر سوشل ویلفیئر کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں:  خصوصی افراد کسی سے کم نہیں، ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر ہی ملک ترقی کر سکتا ہے۔ڈی جی محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال مدثر ریاض ملک نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار سے وابستہ خواتین کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال کی ٹریننگ دے رہے ہیں۔خصوصی افراد کے لیے ہیش ٹیگ انیبلڈ جیسے پروگرام لے کر آ رہےہیں ۔تقریب میں ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، قاسم علی شاہ سمیت سماجی شخصیات اور پنجاب بھر سے سوشل ویلفئیر سٹاف نے شرکت کی۔