مری، 06 اکتوبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق مری کی خوبصورتی اورقدرتی ماحول کو بچانے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائینگے۔ملکہ کوہسار مری وطن عزیز کااہم ترین سیاحتی مرکز ہے،میری موجودگی میں غیر قانونی تعمیرات کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائیگی۔
ان خیالات کااظہار ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے اپنے عہدے کاچارج سنبھالنے کے بعد علماء کرام،میڈیا کے عہدیداروں، اراکین مری پریس کلب،مرکزی ٹرانسپورٹ یونین اوردیگر سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کادرجہ ملنے کے بعد مری کے مسائل بہترانداز میں حل ہونگے،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکی تعیناتی بھی جلد ہوجائیگی،تمام ضلعی دفاتر کیلئے ضلعی ہیڈکواٹرکمپلیکس مرکزی اورمناسب مقام پر بنایاجائیگا جہاں سیاحوں،عوام اور سائلین کی رسائی آسان ہو،سیاحت کے فروغ،سیاحوں اورمقامی لوگوں کو تحفظ اورسہولیا ت کی فراہمی کویقینی بنایاجائیگا،ٹی ایچ کیوہسپتال مری میں ڈائلائیسز کی سہولت کو 24 گھنٹے فراہم کی جائیگی،ہسپتالوں،بی ایچ یوز،آرایچ یوز اورڈسپنسریوں میں بہترین طبی سہولتیں فراہم ہونگیں،ڈاکٹروں کی رہائش گاہیں کی جلد تعمیرکیلئے حکومت پنجاب کو تجاویز دینگے جبکہ دیگرمسائل کو بھی ترجیح بنیادوں پر حل کیاجائیگااور کہا برفباری سیزن میں فول پروف حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایاجائیگا۔
ملاقات میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوکیپٹن(ر) قاسم اعجاز،اظہراسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں ڈی ایس پی مری ملک عارف محمود،انعام الرحیم چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مری اوردیگر افسران بھی موجودتھے۔











