ملتان، سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا منصوبہ دسمبر تک مکمل کرنے کے احکامات پر منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کردی گئی

19

ملتان ،11اکتوبر(اے پی پی ):حکومت پنجاب کی جانب سے سول سیکرٹریٹ جنوبی ہنجاب کا منصوبہ دسمبر تک مکمل کرنے کے احکامات پر منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کردی گئی ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے منصوبے کی سائیٹ کا وزٹ کیا اور سیکرٹریٹ کمپلیکس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے واٹر سپلائی سسٹم اور روڈ نیٹ ورک کی تکمیل بارے معلومات حاصل کیں اور بجلی کے کنکشن اور سولرائزیشن کی تنصیب بارے استفسار کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے بلڈنگ کے فنشنگ ورک میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مقررہ ٹائم لائن کے مطابق منصوبہ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ آفس فرنیچر کی خریداری اور شمسی توانائی کے نظام بارے دستاویزی مراحل جلد مکمل کئے جائیں تاکہ منصوبے بروقت مکمل کئے جاسکیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ڈیپ فیصل زمان نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکرٹریٹ اور جی او آر کے لئے الگ الگ سولرسسٹم نصب کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ سیکرٹریٹ میں بارش کے پانی کو سٹور کرنے کے لئے کشادہ واٹر ٹینک تعمیر کئےگئے ہیں اور اس پانی کو درختوں اور  پودوں کی آبیاری کے لئے بھی استعمال کیا جائے گا جبکہ سیکرٹریٹ بلڈنگ میں فائر فائٹنگ کا موثر نظام قائم کیا جارہا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جی او آر کی لینڈ سکیپنگ کے لئے پی ایچ اے کو2 کروڑ 96 لاکھ روپے جاری کردئے گئے ہیں۔ پراجیکٹ دائریکٹر نے مزید بتایا کہ جدید آفس ڈیزائنز کو مدنظر رکھ کر سیکرٹریٹ بلڈنگ کا نقشہ تیار کیا گیا ہے اور سیکرٹریٹ کمپلیکس جدت اور خوبصورتی کے حوالے سے ایک باوقار بلڈنگ ہوگی۔ انہوں نے  بتایا کہ جی او آر 31 اکتوبر اور سیکرٹریٹ بلڈنگ 31 دسمبر تک مکمل کرلی جائے گی۔سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب انجنئیر امجد شعیب خان ترین، ایڈیشنل سیکرٹری محمد فاروق ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے آصف روف خان اور کنسلٹنٹ فہیم خاکوانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔