ملتان،6اکتوبر( اے پی پی): وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پرمیپکوریجن میں بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے۔ میپکوٹیموں اور پولیس کی ٹیموں کے مشترکہ آپریشن میں ایک روز میں مزید 100بجلی چور وں کو گرفت میں لیا گیا جس کے بعد پکڑے جانے والے بجلی چوروں کی کل6117ہوگئی،66نئے مقدمات کے اندراج کے بعد درج شدہ مقدمات 5834ہوگئے، 29روز میں 4668افراد کو گرفتار کیاگیا۔بجلی چوروں کو عائد کردہ 41کروڑ61لاکھ روپے جرمانے میں سے 15کروڑ79لاکھ روپے وصول کر لئے۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو ڈی جی خان سرکل ملک یعقوب گدارا کی سربراہی میں ایکسین ڈی جی خان ڈویژن عزیز الرحمان نے فورٹ منرو میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف پولیٹیکل ایجنٹ اور بارڈر ملٹری پولیس کے ہمراہ آپریشن کیا،کنڈا سسٹم کے ذریعے بجلی چوری ختم کرنے کے لئے 5ٹرانسفارمرز اتارلئے اور 15بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔
پولیٹیکل ایجنٹ اور بارڈر فورسز نے بجلی چوروں کو گرفتار کرنے کے لئے آپریشن شروع کردیا، چیف سٹریٹیجک پلانر /سرکل مانیٹرڈی جی خان سرکل اصغر گھلو کی زیر نگرانی راجن پور کی 4بستیوں میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری پر ٹرانسفارمرز اتارلئے۔بستی شیر علی چانگ، بستی بلاچ خان، بستی حنیف خان اور بستی کلر میں درجنوں گھروں میں ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری پکڑی۔روجھان میں 3نادہندگان کے ٹرانسفارمرز اتارنے کے باوجود ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری پکڑ لی۔کوٹ چھٹہ سب ڈویژن کے علاقوں میں سرکل سرویلنس ٹیم نے 9بجلی چورپکڑے۔
انچارج سرویلنس ٹیم خالد فاروق کی سربراہی میں سٹاف نے مختلف علاقوں میں چیکنگ کی،تمام بجلی چوروں نے میٹرباڈی ٹمپرڈ کرکے جعل سازی کی ہوئی تھی، میٹرز اتارکر قبضہ میں لے لئے اور ایس ڈی او کوٹ چھٹہ سب ڈویژن کو جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی۔ ایڈیشنل ایکسین بستی ملوک سب ڈویژن عامر انصاری کی سربراہی میں ٹیم نے شجاع آبادروڈ پر بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا، چیکنگ کے دوران 6افراد کو گھروں کے اوپر سے گزرنے والی تاروں میں کنڈیاں ڈال کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا، راومقیم طارق، راو ندیم، راوعادل، محمد فہیم، محمد نعیم اور احسن عالم کے خلاف بجلی چوری کی دفعات کے تحت مقدمات درج کروالئے اور میٹرز،تاریں اتارکر قبضہ میں لے لیں۔ بجلی چوروں کو عائد کردہ 4لاکھ70ہزارروپے جرمانہ وصول کرلیا گیا،7ستمبرتا5اکتوبر 2023ء کے دوران میپکو ریجن میں 5844گھریلو، 164تجارتی(کمرشل)،92زرعی ٹیوب ویل اور 17انڈسٹریل صارفین بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔
ملتان سرکل کی ٹیموں نے 837 بجلی چوروں کو80750000روپے جرمانے عائدکئے اور30640000روپے جرمانے وصول کئے ، 808مقدمات درج کرواکر 698صارفین گرفتارکئے گئے ۔ ڈی جی خان سرکل میں 1698 صارفین 93070000روپے جرمانے عائد کئے اور17410000روپے جرمانے وصول کئے،1611مقدمات کا اندراج ہوا اور1158بجلی چور گرفتار ہوئے۔
وہاڑی سرکل میں 412صارفین کو24690000 روپے جرمانہ عائد کئے اور13050000روپے وصول کئے ،339مقدمات کا اندراج ہوا اور293افراد گرفتار ہوئے۔ بہاولپور سرکل میں 539صارفین کو34930000روپے جرمانے عائد اور14130000روپے وصولیاں ہوئیں، 536 مقدمات کا اندراج ہواور472 صارفین گرفتارہوئے۔ساہیوال سرکل میں 639صارفین کو43900000 روپے جرمانے عائدہوئے اور22850000روپے جرمانے وصول ہوئے،604 مقدمات درج ہوئے اور481گرفتاریاں ہوئیں۔رحیم یار خان سرکل میں 749صارفین کو42060000 روپے جرمانے عائد اور 10650000روپے وصول ہوئے،739 مقدمات کا اندراج ہوااور572افراد گرفتارہوئے۔
مظفرگڑھ سرکل میں 722صارفین کو46690000 روپے جرمانے اور26660000 روپے وصول ہوئے ،699 مقدمات کا اندراج ہوا جبکہ538بجلی چوروں کو گرفتارکیا۔بہاولنگر سرکل میں 221صارفین کو15640000روپے جرمانے عائد کئے گئے اور 8530000روپے وصول ہوئے، 212مقدمات کا اندراج ہوجبکہ 198 بجلی چور گرفتارہوئے۔اسی طرح خانیوال سرکل میں 300صارفین کو34380000 روپے جرمانے عائد کئے گئے اور 13980000روپے جرمانے وصول ہوئے ،286مقدمات کا اندراج ہواجبکہ258بجلی چوروں کو موقع سے گرفتارکیاگیا۔











