ٹنڈو محمد خان ،06اکتوبر(اے پی پی):پیپلزپارٹی کے ضلعی چیئرمین و سابق صوبائی مشیر سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس ملک کو بحران سے نکالنے کا فارمولا موجود ہے، پیپلزپارٹی نے اپنے ہر دور اقتدار میں عوام کی خدمت کی اور انہیں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے ہیں، ملک کی باشعور عوام بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیراعظم دیکھنا چاہتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ سید قاسم نوید قمر کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کا فارمولا صرف پاکستان پیپلزپارٹی کے پاس ہے، تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے تمام دور اقتدار میں ملک سے مہنگائی، بے روزگاری کا خاتمہ کیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے سابقہ دور اقتدار میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت فراہم کی، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ کیا، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ملک کو سی پیک منصوبے سمیت آٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو بااختیار بنایا۔
سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی ملک بھر سے کامیاب ہوگی، بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیر اعظم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے، انشااللہ ٹنڈو محمد خان کے ہر علاقے اور ہر گاؤں میں عوام کے بنیادی مسائل کو حل کیا جائے گا۔
اس موقع پر پیر عاقب جان سرہندی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔











