مینار پاکستان پر نواز شریف کے استقبال  کیلئے ہونیوالا جلسہ ن لیگ کی انتخابی مہم کا پہلا سنگ میل ہے؛ رانا تنویر حسین

27

جوہر آباد،05اکتوبر(اے پی پی ):سابق وفاقی وزیر،  پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی نائب صدر، سرگودھا کے ڈویژنل کو آرڈینٹر رانا تنویر حسین نے کہا ہے 21اکتوبر کو مینار پاکستان پر قائد مسلم لیگ میاں محمد نواز شریف کے استقبال  کیلئے ہونیوالا جلسہ مسلم لیگ(ن) کی انتخابی مہم کا پہلا سنگ میل ہے جس میں پاکستانی قوم ثابت کرے گی پاکستان کا روشن اور تابناک مستقبل صرف اور صرف میاں محمد نواز شریف سے وابستہ ہے،  پاکستان مسلم لیگ  (ن)21اکتوبر کو اپنے قائد کا والہانہ استقبال کر کے پاک سرزمین پر ترقی و خوشحالی کے نئے دورکا آغازکریگی۔

 وہ مسلم لیگ(ن) کے ضلعی سیکرٹریٹ جوہرآباد میں میاں نواز شریف کے استقبال  کیلئے  منعقدہ سرگودھا ڈویژن کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔مشاورتی اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کے ڈویژنل صدرچوہدری شاہنوازرانجھا اور سرگودھا ڈویژن  کے چاروں اضلاع کے ضلعی صدور اور تمام ذیلی تنطیموں کے سربران کے علاوہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ ہولڈر شریک تھے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہماری جماعت ترقی و خوشحالی کے بے بنیاد دعوں کی بجائے عملی کردار ادا کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے، یہ الیکشن انتہائی مشکل حالت میں ہو رہے ہیں صرف معیشت ہی نہیں ہر شوبہ انحاط پذیر اور پورا نظام زوال پذیر ہے ، گزشتہ دور اقتدار میں ملک کو جس صورتحال سے دوچار کیاگیا اس سے نکلنے کا واحد راستہ محب قیادت کا انتخاب ہے اگر قوم درست فیصلہ کرے تو یہ ملک بچ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ میاں محمد نواز شریف نے اپنے اقتدار کے تین ادوار میں  مشکلات کے باوجود پاکستان کو ریفارمز دیں ،قوم کو ترقی و خوشحالی کی جانب بڑھایا امریکی صدر کلنٹن کی 5ارب ڈالر کی پیش کش کو ٹھکرا کر اور ڈنکے کی چوٹ پر ایٹمی دھماکے کر پاکستان کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کو محفوظ کیا۔

 رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ 2018کے انتخابات انجینئرڈ تھے ، 21اکتوبر کو میاں محمد نواز شریف کا شایان شان استقبال کر کے وطن عزیر میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کریں ۔

  مشاورتی اجلاس میں سنیٹر  غوث محمد نیازی، مناظر علی سابق صوبائی وزیررانا احسان افضل ایڈووکیٹ، سابق ایم این اے ثریا اصغر نے بھی خطاب کیا۔