نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا پولیس جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے میانوالی کی عیسی خیل کنڈل چیک پوسٹ کا دورہ

35

 

بھکر،02اکتوبر(اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی پولیس جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے میانوالی کی عیسی خیل کنڈل چیک پوسٹ پہنچ گئے۔وزیراعلیٰ  نے  کنڈل چیک پوسٹ کو شہید ہارون الرشید خان کے نام سے منصوب کرنے کا اعلان کیا اور  ہارون الرشید چیک پوسٹ کے ارد گرد حفاظتی دیوار بنانے  کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حملہ ناکام بنانے والے پٹرولنگ پولیس کے جوانو ں سے مصافحہ کیا،شاباش اور انعامات دئیے۔وزیراعلیٰ نے پٹرولنگ پولیس کے جوانوں کے ہمت و حوصلے کو سراہا۔وزیراعلی محسن نقوی نے جوانوں کے ساتھ مل کر ہارون الرشید شہید زندہ باد،پنجاب پولیس زندہ باداورپاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر  وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کرنے والے جوان ہمارا فخر ہیں،آپ نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چیک پوسٹ کا جائزہ لیا، دہشت گردوں کی فائرنگ کے نشانات دیکھے اور چیک پوسٹ کی چھت پر بھی گئے اور جوانوں سے بات چیت کی۔

اس موقع  پر صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، انسپکٹرجنرل پولیس، آر پی او، کمشنر سرگودھا او ردیگر حکام بھی ہمراہ  تھے۔