اسلام آباد ،02 اکتوبر (اے پی پی ):نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پیر کو یہاں ملاقات کی ، نگران وزیر اطلاعات نے وزارت اطلاعات آمد پر نگران وزیر داخلہ کا خیرمقدم کیا۔دونوں وزراءنے ملک میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں حالیہ بم دھماکوں میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ۔
نگران وفاقی وزراء نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری میں الیکشن کمیشن کی ہر ممکن معاونت کریں گے۔
ملاقات میں انتخابات کے حوالے سے نگران حکومت کی الیکشن کمیشن سے معاونت سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے، ہمارا فرض ملک میں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔











