ساہیوال، 13اکتوبر(اے پی پی): کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا کہ نہر کنارے کوڑے کو آگ لگانے پر شہریوں کی مسلسل شکایات کو دور کیا جانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس میں کیا۔ انہوں نے نہر لوئر باری دوآب کے کناروں پر کوڑے کو آگ لگانے کے واقعات کی روک تھام کے لئے میونسپل کارپوریشن سے قابل عمل پلان طلب کر لیا، شہریوں کو آلودگی سے بچانے کے لئے کوڑے کو آگ لگانے کے واقعات روکنا نہایت ضروری ہے، لینڈ فل سائٹ کے لئے مناسب جگہ تلاش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے چیف آفیسر کو فوری طور پر قابل عمل حل پیش کرنے اور شہر کے کوڑے کو ٹھکانے لگانے کے لئے عارضی ڈمپنگ سائٹ بنانے کی بھی ہدایت کی۔ بعدازاں اپنے دفتر میں سموگ کی روک تھام کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے دھان کی فصل کو آگ لگانے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں اور کسانوں کو اس کے مضر اثرات سے بچانے کے بارے میں آگہی بھی دیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں 795اینٹوں کے بھٹے قائم ہیں جو تمام کے تمام زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیئے گئے ہیں تاہم زہریلا دھواں خارج کرنے کے واقعات پر ان بھٹوں کو یکم مارچ سے اب تک 72لاکھ 50ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے جبکہ22کو سیل بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فضائی آلودگی پھیلانے والے 135صنعتی اداروں کو نوٹسز جاری کئے گئے اور13کو سیل کر کے 6لاکھ50ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح 8768گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور دھواں چھوڑنے والی6726گاڑیوں کا چالان کر کے انہیں 31لاکھ31ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔











