ساہیوال۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے ساہیوال کا دورہ کیا ہے،دورہ کے دوران پریس کانفرنس سے وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں 180 بیڈ کا کارڈیالوجی سینٹر بنانے اورساہیوال پاک پتن روڈ اور ساہیوال بائی پاس کی تعمیر مکمل کرنے کے لئے مزید فنڈجاری کرنے کا اعلان کیا ہے،انہوں نے شہر سے گزرنے والی اولڈ جی ٹی روڈ کی تعمیر و توسیع کا منصوبہ شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ نے ساہیوال کا تفصیلی دورہ کیا ہے، انہوں نے ڈی سی آفس میں پسپ پروگرام، ای رجسٹریشن کے نظام اور ترقیاتی منصوبوں بارے تفصیلی بریفنگ لی اور ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ، میڈیکل وارڈ 3اورکارڈیالوجی بلاک کا دورہ کیا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، آرپی او ساہیوال رینج محبوب رشید، ڈپٹی کمشنرز ساہیوال اکرام الحق،اوکاڑہ ڈاکٹر ذیشان حنیف، پاکپتن امتیاز احمد خان کھچی، ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور دوسرے متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دے رہی ، صحت و تعلیم اور ذرائع آمدورفت کی بہتری کے منصوبوں کے لئے خطیر فنڈز خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال کی صوبے میں ای رجسٹری نظام کو نافذ کرنے میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس سے محکمہ ریونیو سے متعلق عوام کی شکایات بڑی حد تک دور ہونگی۔ انہوں نے ساہیوال بائی پاس پر جاری ترقیاتی کام کا بھی معائنہ کیا اور محکمہ ہائی وے کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار تیز کرکے منصوبہ دسمبر تک مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش سفری مشکلات کم ہو سکیں۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل کے لئے درکار مزید40کروڑ روپے فوری جاری کرنے کی بھی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ نے ساہیوال پاک پتن روڈ کی کارپٹنگ مکمل کرنے کے لئے درکار 2ارب روپے فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ انہوں نے ساہیوال شہر سے گزرنے والی اولڈ جی ٹی روڈ کی تعمیر و مرمت اور توسیع کی بھی اصولی منظوری دیتے ہوئے محکمہ ہائی وے کو ہدایت کی کہ اس منصوبے پر فوری کام شروع کیا جائے۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان اور ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب نے انہیں ہسپتال میں دستیاب علاج معالجے کی سہولیات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ ایمرجنسی، میڈیکل وارڈ3اور کارڈیالوجی وارڈ بھی گئے اور وہاں مریضوں سے ادویات کی دستیابی بارے سوالات کئے۔ ایم ایس آفس میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پسپ پروگرام پر عملددرآمد سے شہرکے سیوریج اور پینے کے پانی کے مسائل30، 40سال تک حل ہو جائیں گے اور ساہیوال کا شمار بھی جدید شہروں میں ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے اور ادویات کی دستیابی کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے میڈیاپر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل خصوصاً سموگ کے مسئلے کو اجاگر کریں اور دھان کی باقیات کو آگ لگانے سے ہونے والی فضائی آلودگی کے مضرات بارے عوام کو آگاہ کریں۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے بتایا کہ ہسپتال میں ایم آر آئی مشین جنوری میں انسٹال کر دی جائے گی جس سے مریضوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔











