پاکستان میں مقیم 13 لاکھ تارکین وطن کو یکم نومبر سے نکالا جا ئےگا، نگران صوبائی وزیراطلاعات جان اچکزئی

23

کوئٹہ،27اکتوبر(اے پی پی ): نگران صوبائی وزیراطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم 13 لاکھ تارکین وطن کو یکم نومبر سے نکالا جا ئےگا ،تارکین وطن کو نکالنے کا فیصلہ حتمی ہے ان کو ہرصورت میں جانا ہو گا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک پیج پر ہیں ،یہ ریاست کا فیصلہ ہے کہ پوری قوت سے اس فیصلے پر علمد درآمد کیا جائے گا کسی کو کوئی ایسا ریلیف نہیں دیا جائے گا جس سے دہشت گردوں کو فائدہ ہو ،انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوئٹہ، چمن اور پشین میں ہولڈنگ سینٹر بنائے ہیں، سندھ اور پنجاب سے آنے والے تارکین وطن کو یہاں لایا جا ئے گا جہاں ان کے کھانے پینے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا یکم نومبر کے بعد کسی افغان نیشنل کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سیاسی جماعتیں بھی پاکستان کے قومی مفاد کا خیال رکھیں۔

نگران صوبائی وزیراطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ نادرا نے اب تک 70 ہزار شناختی کارڈ بلاک کئے گئے ہیں، چمن باڈر پر روزانہ ہزاروں لوگ باڈر کراس کر کے آتے ہیں ،یکم نومبر کے بعد بغیر ویزہ کے کسی کو پاکستان میں آنے نہیں دینگے ۔شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ غیرملکیوں کو روزگار اور مکان میں رہائش نہ دیں اگر کسی نے غیرملکیوں کو گھر کرایہ پر دیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، تارکین وطن کے پراپرٹی یکم نومبر کے بعد ضبط کی جائے گی۔