ٹنڈومحمد خان،02 اکتوبر(اے پی پی): سابق وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کے دلوں میں آباد ہے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتیں الیکشن میں حصہ لیں، کسی بھی جماعت کو انتخابات سے دور رکھنا ایک غیر جمہوری عمل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان میں صحافی شہزاد صبح پوٹو سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔
سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ ملک میں الیکشن کا ماحول بن رہا ہے لیکن الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے وقت پر الیکشن نہیں کروانا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی، الیکشن میں کامیابی کے بعد حکومت بنانے کے لیے اگر ضرورت پڑی تو اتحاد کرسکتے ہیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کے خلاف بننے والا اتحاد ناکام ہو ہوجائے گا، سندھ کی باشعور عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہے۔
نوازشریف کی ملک واپسی کے حوالے سے کیے جانے والے سوال کے جواب میں سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ نواز شریف وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں، وہ کسی صورت پاکستان واپس نہیں آئیں گے، نوازشریف نے اپنے بھائی کی حکومت میں ملک واپس نہیں آکر بہت بڑی غلطی کی ہے۔
مولانا فضل الرحمن کے الیکشن اگر نہیں کرائے جائیں تو بھی کوئی فرق نہیں پڑتا کے سوال پر سید نوید قمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہے، مولانا فضل الرحمن کا بیان غیر جمہوری ہے، ملک میں وقت پر عام انتخابات کا انعقاد ہی بہترین حل ہے، سپریم کورٹ ملک کی 25 کروڑ عوام کی خواہش پوری کرنے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔











