ڈیرہ غازی خان، (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر)سجاد حسن خان نے سیکورٹی اقدامات کے جائزہ کے سلسلہ میں پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی سرحد پر واقع بین الصوبائی چیک پوسٹوں ترمن، حضرت عمر فاروق ؓ اور حضرت خالد بن ولید ؓچیک پوسٹ کا دورہ کیا اور چیک پوسٹوں پر سکیورٹی اقدامات، تعینات نفری، گاڑیوں، اسلحہ ایمونیشن، مورچوں اور چیکنگ کے مراحل و طریقہ کار سمیت فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر)سجاد حسن خان نے سیکورٹی اقدامات کو مزید سخت کرنے اور موجودہ حالات کے پیش نظر ڈیوٹی پر تعینات اہلکاران کو ہمہ وقت الرٹ رکھنے کی ہدایات کی۔انہوں نے کہا کہ تمام چیک پوسٹوں، پکٹوں اور داخلی خارجی راستوں پر مزید سخت چیکنگ کی جائے اور چیکنگ کےتمام مراحل کی بذریعہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ریکارڈنگ کی جائے۔
انہوں نے ترمن چیک پوسٹ پر سکیورٹی کے اقدامات، سمارٹ ویری فیکیشن اینڈ الرٹ سسٹم ( SVAS) اور اینٹی وہیکل کار لفٹنگ سسٹم (AVLS) سمیت دیگر اہم سافٹ وئیرز کے ذریعے چیکنگ کے مراحل کا جائزہ لیا اور احکامات جاری کیئے کہ جدید ٹیکنالوجی کا بہتر استعمال کرتے ہوئے چیک پوسٹ سےگزرنے والے تمام شہریوں اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔
آر پی او نے چیک پوسٹوں کے دورہ کے دوران چیک پوسٹوں پر تعینات جوانوں سے بھی خصوصی ملاقات کر کے جوانوں کی حواصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی ، بین لاضلاعی چیک پوسٹوں اور تھانوں پر پولیس کی اضافی نفری اور ماہر سنائپرز تعینات کردیئے گئے ہیں اور حساس علاقوں میں پولیس کےدیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ موثر حکمت عملی کے تحت سرچ اور کومبنگ آپریشنز جاری ہیں۔
اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن ڈیرہ غازی خان بختیار احمد اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔











