احمدپورشرقیہ،11اکتوبر(اےپی پی): ڈی پی او سید محمد عباس نے اوچ شریف کا دورہ کیا، اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ڈی پی او سید محمد عباس، ڈی ایس پی احمد پور شرقیہ فرخ جاوید اور ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف محمد مسلم ضیاء پانچ بہنوں کےاکلوتے بھائی کے گھر پہنچ گئے۔ جس کو دوران واردات ڈاکوؤں نے بے رحمی سے قتل کر دیا تھا۔
ڈی پی او نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور پولیس آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ 8 خواتین کا اکلوتا سہارا جس میں مرحوم کی پانچ بہنیں بھی شامل ہیں کے قتل کے بعد تب تک سکون محسوس نہیں کیا جب تک ملزمان پکڑے نہیں گئے۔ ملزمان اپنی موت آپ مر گئے۔ بہاولپور پولیس کی طرف سے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ جرائم پیشہ افراد کیلئے واضح پیغام ہے۔ بہاولپور کے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
دونوں قاتل ڈاکو گزشتہ رات دوران پولیس مقابلہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے تھے جو کہ پولیس کے پاس جسمانی ریمانڈ پر تھے۔











