پشاور۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات عوام تک پہنچانے اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے لئے کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر متحرک ہوگئے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے بدھ کے روز سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ پشاور کے افسران کے ہمراہ جی ٹی روڈ،چارسدہ روڈ،حاجی کیمپ اڈے اور چارسدہ اڈے کا دورہ کیا ۔اس موقع پر انہوں نے مختلف مسافر گاڑیوں کا معائنہ کیا اور مسافروں سے معلومات حاصل کیں ،مسافروں کی شکایات پر سرکاری کرائے سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں اور کرائے میں کمی نہ کرنے والے متعدد گاڑیوں کا چالان کر کے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو روٹ پرمٹ معطل کرنے اور گاڑی مالکان پر بھاری جرمانے عائد کرنے کے احکامات جاری کئے ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ پشاور کے تمام مسافر اڈوں میں ٹیمیں تعینات کی جائیں اور کرایوں میں کمی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ،اس سلسلے میں انہوں نے روزانہ کی کارروائی رپورٹ طلب کر لی۔