گوجرانوالہ؛بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کا 35واں روز،مزید 49 گرفتار

43

گوجرانوالہ ،11اکتوبر (اے پی پی ):بجلی چوروں کیخلاف آپریشن 35ویں روز میں داخل، مزید 49 بجلی چور پکڑے گئے،31 لاکھ 50ہزار کے جرمانے کیے  گئے۔ اب تک پکڑے جانے والوں کی تعداد 1736 ہوگئی،تمام بجلی چوروں کو15کروڑ2 لاکھ روپے کے جرمانے بھی کئے گئے، 68 زرعی ،10 صنعتی، 55کمرشل اور1603 گھریلو صارفین ڈائریکٹ بجلی چوری کرتے قابو کیے گئے۔

اس حوالے سے گیپکو چیف کا کہنا تھا کہ بجلی چوری میں ملوث تمام لوگوں کے کنکشنز منقطع کر کے ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا دی  گئی ہیں، بجلی چوروں اور نادہندگان سے قومی خزانے کی ایک ایک پائی وصول کریں گے اور ان کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں  جبکہ انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ  اپنے واجبات بروقت ادا کریں اور بجلی چوروں کے خلاف جہاد میں گیپکو کا ساتھ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری اردگرد بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں۔