میرپورخاص؛ بین الاقوامی محفل حسن قرآت، ملکی و غیر ملکی قراء حضرات کی شرکت

61

میرپورخاص،11 اکتوبر  ( اے پی پی): ماہ ربیع الاول کے سلسلے میں بین الاقوامی محفل حسن قرآت کا انعقاد کیا گیا جس میں مصر، افغانستان، مدینہ منورہ اور پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ قراء حضرات نے اپنی مسحور کن تلاوت سے ماحول کو معطر کیا۔  محفل حسن قرآت میں علمائے کرام، اساتذہ، طلباء اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 افغانستان سے تعلق رکھنے والے قاری علی احمد رضا، مصر سے محمد احمد عبدالحافظ الدرنکی، مدینہ منورہ سے محمد لقمان المدنی اور لاہور سے عبدالرشید نے خوبصورت آواز، ادب اور ترتیب کے ساتھ قرآن حکیم کی تلاوت کر کے سماں باندھ دیا۔ قرآن کے آفاقی پیغام کو عام کرنے کیلئے اس بین الاقوامی محفل حسن قرآت میں دنیا کے نامور قراء نے قرآن حکیم کی روح پرور تلاوت کرکے حاضرین کے دلوں کو منور اور انہیں روحانی اور قلبی سکون فراہم کیا۔

اس موقع پر علمذئے کرام نے کہا کہ اسلام ایک مکمل دین ہے اور قرآن حکیم اللہ تعالیٰ کی وہ آخری کتاب ہے جس کی حفاظت کا ذمہ خود اللہ تعالیٰ نے اٹھایا ہے، قرآن پاک کی تلاوت ٹھہر ٹھہر کر خوبصورت انداز میں کرنی چاہیے، قرآن پاک اپنے پڑھنے والوں کے لیے قیامت کے دن سفارش کریگا۔ قرآن ایک سچی کتاب ہے اس کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہی نجات ہے۔

 محفل حسن قرآت کے اختتام پر ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔