گوجرانوالہ،18 اکتوبر(اے پی پی) : گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کمیونیکیشن اور آپریشنز ڈیپارٹمنٹس نے حکومت پنجاب کی سموگ سے پاک اور محفوظ پنجاب مہم کے تحت گوجرانوالہ کے شہری حلقوں کے ساتھ ساتھ تاجروں میں سموگ سے بچاﺅ کی آگاہی مہم کا آغاز کردیا، اس سلسلہ میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔
سی ای او جی ڈبلیو ایم سی شاہد عباس جوتہ کے مطابق حکومت پنجاب کے احکامات پر محکمہ بلدیات پنجاب کی سموگ سے پاک اور محفوظ پنجاب مہم کے تحت گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بھرپور آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں عوامی آگاہی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو سموگ آلودگی کے محرکات اور انسانی صحت پر منفی اثرات سے نہ صرف شہریوں کو آگاہی دے رہی ہیں بلکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اس کے نقصانات سے بچاﺅ بارے بھی آگاہ کر رہی ہیں۔
سی ای او جی ڈبلیو ایم سی شاہد عباس جوتہ نے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ کوڑا کرکٹ کو ہرگز آگ نہ لگائیں، پلاسٹک بیگز کے استعمال کو ترک یا بہت محدود کریں۔ سموگ آلودگی آنکھوں، سانس اور پھیپھڑوں کی متعدد خطرناک بیماریوں کا سبب ہے۔ باہر نکلتے وقت فیس ماسک، چشمے کا استعمال کریں، سفر سے واپسی پر ہاتھوں، چہرے اور آنکھوں کو اچھی طرح دھوئیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی اس مہم کا حصہ بنیں اور اپنی گاڑیوں، ٹرکوں، رکشوں وغیرہ کے انجن کو آئل بروقت تبدیل کروائیں تاکہ گاڑیاں آلودہ دھواں فضا میں نہ چھوڑیں۔ یہ شہر ہمارا ہے اور اس صفائی ستھرائی رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔











