گوجرانوالہ؛ علی پور چٹھہ،قادر آباد میں 16کنال سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کرا لی گئی

41

 

گوجرانوالہ،03اکتوبر(اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کاقابضین کے خلاف ایکشن، تحصیل وزیرآباد کے علاقہ علی پور چٹھہ،قادر آباد میں  60ملین (6کروڑ) روپے مالیت کی 16کنال سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کرا لی گئی۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد محمد سلیم آسی نے تحصیل وزیر آباد کے علاقہ علی پور چٹھہ قادرآباد میں آپریشن کیا،اس دوران انہوں نے 16 کنال سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرا لی۔واگزار کرائی گئی اراضی کی مالیت تقریباً 60ملین (6کروڑ) روپے ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد محمد سلیم آسی نے اپنی نگرانی میں مذکورہ سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کروائی اور قابضین کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے مقدمہ کے اندراج کے لیے متعلقہ تھانہ میں استغاثہ درج کروا دیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حالیہ کریک ڈاؤن ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کی ہدایات پر سرکاری اراضی پر ناجائز قابضین کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اسی محنت اور لگن سے کام کریں اور ناجائز قابضین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، جہاں کہیں بھی سرکاری اراضی پر  قبضے کی نشاندہی ہو گی اس کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے قابضین سے ایک ایک انچ کو بازیاب کروایا جائے گا اور ذمہ داران کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔