گوجر خان؛بار ایسوسی ایشن میں سولر پینل کی تنصیب کی افتتاحی تقریب ، سپیکر قومی اسمبلی کی بطور مہمان خصوصی شرکت

16

گوجر خان،19اکتوبر( اے پی پی ): بار ایسوسی ایشن گوجر خان میں سولر پینل کی تنصیب کی افتتاحی تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔صدر بار ایسوسی ایشن محمد عرفان قریشی ،جنرل سیکرٹری چوہدری محمد اخلاص و بار کے دیگر عہدداروں نے بار آمد پر سپیکر کو گلدستہ پیش کیا ،سپیکر قومی اسمبلی کی خصوصی 30 لاکھ روپے کی گرانٹ سے بار ایسوسی ایشن میں سولر انرجی پینل لگایا گیا۔

 افتتاحی تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کو الیکشن کے مفہوم کو سمجھنا چاہیے یہ کوئی چھوٹا عمل نہیں، ہمیں ملک کو مالی بحران سے نکالنے و بیرونی قرضوں کی ادائیگی و ان سے نجات حاصل کرنے کی سوچ سامنے لانی ہو گی، آپ کسی بھی سیاسی جماعت سے ہوں آپس میں سیاسی اختلاف ضرور رکھیں مگر جب بات پاکستان کی ہو تو تب تمام باہمی اختلافات کو بھلا کر ایک ہو جائیں ،پارلیمان کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے جہاں 25 کروڑ عوام کی فلاح و بہتری کے لئے قانون سازی کی جاتی ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے فیصلے میں پارلیمنٹ و پارلمان کو عزت دی، مجھے اس عمل پر دلی خوشی ہوئی آج ہمیں تعلیم و ہنر کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوجر خان کی 500 بچیوں کو تربیت دے کر ایمزون کے ذریعے باعزت روزگار کے قابل بنایا ہے ،انہیں اخوت پروگرام سے قرض حسنہ رقم سے کمپوٹر لیکر دیئے ہیں تاکہ وہ اپنے خاندان کا سہارا بن سکیں ،گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کے طویل جنگ لڑی یونیورسٹی کیمپس کے لئے چار ارب روپے کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں، پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کی بلڈنگ کی تکمیل تک عارضی عمارت میں کلاسز کا اجراءجلد کر دیا جائے گا تاکہ مقامی سطح پر معیاری و سستی تعلیم بچے بچیوں کو مل سکے ۔

 سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ملک میں معاشرتی بگاڑ کی وجہ قانون پر عمل درآمد میں کمی و اس میں کمزوری ہے قانون پر عمل ہونا چاہیے، ملکی ترقی کے لئے بڑے فیصلوں کے ضرورت ہے، تھانہ کچہری کی سیاست سے نکل کر تعمیری سیاست کو فروغ دیں ملکی و علاقائی ترقی کے لئے میرا ساتھ دیں، گوجر خان میں دو نئے نادرہ دفاتر قیام کی منظوری ہو چکی، اپنے ووٹ کی طاقت کو محض ایک دوسرے سے اختلاف ،برادری کے جھگڑوں کے سبب نہ بنائیں، اپنے ووٹ اہل کو دیں جو آپکی ترقی میں معاون ہو۔ میں گوجر خان کے سینکڑوں دیہاتوں میں سوئی گیس ،نادرہ دفاتر، پاسپورٹ آفس اور اب پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کا قیام و دیگر منصوبے اس لئے لےے کر آیا ہوں کہ آپ نے مجھے ووٹ دے کر اسمبلی بھیجا، انہوں نے کہا کہ میں اور میرا بیٹا آپکی خدمت و علاقائی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ تقریب میں بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد عرفان قریشی ، محسن صغیر بھٹی ایڈووکیٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔