گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے موٹیویشنل سپیکر، فرینڈز آف پیرا پلیجک پاکستان کے سرپرست اعلی امجد صدیقی کی ملاقات

18

لاہور،06اکتوبر (اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے موٹیویشنل سپیکر، فرینڈز آف پیرا پلیجک پاکستان کے سرپرست اعلی امجد صدیقی نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ملاقات میں خصوصی افراد کو درپیش مسائل پرتفصیلی گفتگوکی گئی۔

ملاقات کے دوران گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہاکہ آپ کی جدوجہد کئی لوگوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے جس ہمت اور حوصلے سے معاشرے میں اپنا ایک مقام بنایا وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ معاشرے کے لئے کارآمد شہری بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے معاشرتی رویے جو ان افراد کی دل آزاری کا سبب بنیں ، کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بطور چانسلر یونیورسٹیوں میں خصوصی افراد کو درکار سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔

اس موقع پر موٹیویشنل سپیکر، فرینڈز آف پیرا پلیجک پاکستان کے سرپرست اعلی امجد صدیقی نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے پیرا پلیجک سینٹر (Paraplegic centre)قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خصوصی افراد کے لیے ویل چیئر ریمپس سمیت دیگر سہولیات بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بھی خصوصی افراد کی طرف معاشرے کے عمومی رویے بہتر کرنے اور انہیں درپیش مسائل کی نشاندہی میں مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے خصوصی افراد کو درپیش مسائل متعلقہ اداروں تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔