اوکاڑہ،6اکتوبر( اے پی پی): ڈسٹرکٹ خطیب قاری سعید احمد عثمانی نے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری مہم میں انسداد پولیو کی ویکسین کے قطرے پلائیں۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی جامعہ عثمانیہ مسجد گول چوک اوکاڑہ میں ڈسٹرکٹ خطیب قاری سعید احمد عثمانی نے جمعہ کے اجتماع میں پولیو مہم کے حوالے سے عوام الناس کو پیغام دیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع اوکاڑہ کی 32,45748 افراد کی آبادی میں انسداد پولیو مہم کے دوران چھ لاکھ چھتیس ہزار ایک سو سولہ (636116) بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے محکمہ صحت کے افسران کی موجودگی میں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے لئے محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنا رہی ہیں اورانسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلانے والی ٹیموں کی مانیٹر نگ کی جارہی ہے اس لئے والدین اپنے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلوا کر عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔
قاری سعید احمد عثمانی نے زور دیا کہ والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری مہم میں انسداد پولیو کی ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں۔











