ہری پور،27 اکتوبر( اے پی پی ): ضلع ہری پور میں مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح ہری پو،ر خانپور شہر میں بھی یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تحصیل انتظامیہ کے زیراہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی ٹی ایم اے آفس خانپور سے شروع ہو کر ڈاکخانہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی ریلی کی قیادت تحصیل چیئرمین خانپور راجہ ہارون سکندر اور اسسٹنٹ کمشنر خانپور زہرہ نور نے کی ،ریلی میں ٹی ایم او نور نبی، ایکسین وسیم کامران،چیف آفیسر یاسر خان کے علاوہ ٹی ایم اے خانپور اور لوکل گورنمنٹ کے ملازمین، محکمہ مال اور دیگر محکمہ جات کے افسران، علاقہ بھر کے بلدیاتی نمائندوں، انجمن تاجران خانپور اور ترناوہ کے عہدیداران، مذہبی سیاسی و سماجی شخصیات، علماءکرام ، عمائدین علاقہ اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،جبکہ ہریپور میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور انڈیا کے مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی جو شیر انوالہ گیٹ سے شروع ہو کر صدیق اکبر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی میں سکول کے بچوں نے کشمیری عوام کے حق میں نعرے بازی کی اور کشمیری پرچم لہر کر اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا،ریلی میں ضلعی انتظامیہ، سول سوسائٹی، سیاسی سماجی و مذہبی شخصیات اور سکول کے بچوں نے بھرپور طریقے سے شرکت کی، غازی میں بھی کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج ریلی کا انعقاد کیا گیا۔











